امریکہ۔ایران جنگ کے باعث عالمی تیل کی طلب میں کمی کا خدشہ

بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے مطابق 2020 کے بعد پہلی بار طلب میں سالانہ کمی متوقع۔

July 11, 2026 · بام دنیا

بین الاقوامی توانائی ایجنسی (IEA) نے پیش گوئی کی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث رواں سال عالمی سطح پر تیل کی طلب میں کمی آئے گی، جو 2020 میں کورونا وبا کے بعد پہلی سالانہ کمی ہوگی۔

بین الاقوامی نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 2026 کے دوران عالمی تیل کی طلب میں یومیہ تقریباً 10 لاکھ بیرل کمی متوقع ہے۔ اس کی بڑی وجوہات تیل کی بلند قیمتیں اور خلیجی خطے میں جہاز رانی کی رکاوٹیں ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنگ کے باعث خام تیل بردار متعدد جہاز تین ماہ سے زائد عرصے سے آبنائے ہرمز میں محفوظ گزرگاہ نہ ملنے کے باعث رکے ہوئے ہیں، جس سے عالمی توانائی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مئی میں عالمی تیل کی کھپت گزشتہ سال کے مقابلے میں یومیہ 53 لاکھ بیرل کم ہو کر اوسطاً 9 کروڑ 79 لاکھ بیرل رہی۔ مشرق وسطیٰ کے تیل پر زیادہ انحصار کے باعث ایشیا اس کمی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، جبکہ چین میں تیل کی طلب میں 9 فیصد یا یومیہ تقریباً 15 لاکھ بیرل کی سب سے بڑی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اس کے برعکس امریکہ میں 2026 کی دوسری سہ ماہی کے دوران پٹرول کی کھپت میں اضافہ دیکھا گیا، حالانکہ مئی میں جنگ سے پہلے کے مقابلے میں پٹرول کی قیمتیں تقریباً 50 فیصد زیادہ رہیں۔