ٹرمپ کی ایران کو سخت دھمکی۔حملے کی صورت میں مکمل تباہی کا انتباہ
امریکی فوج ایک سال تک ایران کو مکمل تباہ کرنے کے لیے تیار ہے،صدر کا دعویٰ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے قتل کی کوشش کی گئی تو امریکہ ہزاروں میزائلوں سے جوابی حملہ کرے گا اور ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ “ایک ہزار میزائل پہلے ہی تیار حالت میں ایران کی جانب نشانہ بنائے جا چکے ہیں، جبکہ ضرورت پڑنے پر فوری طور پر ہزاروں مزید میزائل بھی داغے جائیں گے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر ایرانی حکومت نے امریکا کے موجودہ صدر کو قتل کرنے یا قتل کی کوشش کرنے کی دھمکی پر عمل کیا تو امریکی فوج فوری کارروائی کرے گی۔
امریکی صدر کے مطابق اس حوالے سے احکامات پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں اور امریکی فوج، ضرورت پڑنے پر توسیع کے امکان کے ساتھ، ایک سال تک ایران کے مختلف علاقوں کو مکمل طور پر تباہ کرنے کی صلاحیت اور تیاری رکھتی ہے۔