فلپائن میں سمندری طوفان”باوی” کی تباہ کاریاں۔لینڈ سلائیڈنگ سے 15 افراد ہلاک
بحرالکاہل سے اٹھنے والا شدیدطوفان تائیوان،جاپان اور جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقوں کی جانب بڑھنےلگا۔
فلپائن میں گزشتہ کئی دہائیوں کے طاقتور ترین سمندری طوفانوں میں شمار کیے جانے والے طوفان باوی نے شدید تباہی مچا دی، جہاں جنوبی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے مختلف واقعات میں کم از کم 15 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً ایک ہزار کلومیٹر پر پھیلا یہ طاقتور طوفان بحرالکاہل سے سفر کرتے ہوئے تائیوان کی سمت بڑھ رہا ہے، جبکہ مشرقی ایشیا کے کئی ممالک بھی اس کے ممکنہ اثرات کی زد میں آ سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کی آمد سے قبل تائیوان کے شمالی اور مشرقی علاقوں اور جاپان کے دور دراز جزیروں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق طوفان ہفتے کے روز جنوب مشرقی چین کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتا ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ حکام نے حفاظتی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔