جنگ سے ایران کے سائنسی و تحقیقی شعبے کو 30 کروڑ ڈالر کا نقصان

ایران سائنسی شعبے کو مزید مضبوط انداز میں بحال کرے گا، حسین افشین

July 11, 2026 · بام دنیا

ایران کے نائب صدر برائے سائنس، ٹیکنالوجی اور معیشت حسین افشین نے کہا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران ملک کے تحقیقی اور سائنسی انفراسٹرکچر کو تقریباً 30 کروڑ ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق حسین افشین کا کہنا تھا کہ ایران ایسی جدید ٹیکنالوجیز پر کام کر رہا تھا جن کا کوئی فوجی استعمال نہیں تھا، تاہم دشمن نے ایران کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ ایران اپنے سائنسی اور تحقیقی ڈھانچے کو پہلے سے زیادہ مضبوط انداز میں دوبارہ تعمیر کرے گا اور ترقی کا سفر جاری رکھے گا۔

حسین افشین نے مزید کہا کہ ایران جدید دنیا میں سائنس اور ٹیکنالوجی کی ایک بڑی طاقت بننے کے لیے پرعزم ہے، کیونکہ جو ممالک اس شعبے میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، وہی مستقبل میں کامیابی حاصل کرتے ہیں۔