چین میں سیلاب، 900زہریلے کوبرا سانپ فارم سے فرار

ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے سانپوں کی تلاش اور انہیں محفوظ طریقے سے پکڑنے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

July 11, 2026 · بام دنیا

 بیجنگ: جنوبی چین میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث ایک سانپوں کے فارم کو نقصان پہنچنے کے بعد سینکڑوں زہریلے سانپ، جن میں کوبرا بھی شامل ہیں، فارم سے نکل گئے، جس پر مقامی انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

 

مقامی حکام کے مطابق صوبہ گوانگسی کے ایک علاقے میں شدید سیلاب کے دوران سانپوں کی افزائش کے فارم کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں سانپ پانی کے ساتھ مختلف اطراف میں پھیل گئے۔ ریسکیو ٹیمیں اور متعلقہ ادارے سانپوں کی تلاش اور انہیں محفوظ طریقے سے پکڑنے کے لیے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی مقام پر سانپ نظر آئے تو اسے خود پکڑنے یا مارنے کی کوشش نہ کریں بلکہ فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں تاکہ تربیت یافتہ عملہ کارروائی کر سکے۔

سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن بھی جاری ہے، جبکہ شدید بارشوں اور طغیانی کے باعث متعدد افراد کے متاثر ہونے کی اطلاعات ہیں۔ حکام صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور عوام سے حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔

 

ادھر مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔