عمران خان سے منسوب برطانیہ کا تاریخی گھر فروخت کے لیے پیش
اس تاریخی پراپرٹی کی طلب کردہ قیمت 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ (25 ملین پاؤنڈ) رکھی گئی ہے
لندن: برطانیہ کے علاقے رچمنڈ میں واقع وہ تاریخی رہائش گاہ، جہاں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان ماضی میں اپنی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ مقیم رہے تھے، فروخت کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق “اورملی لاج” (Ormeley Lodge) نامی اس تاریخی پراپرٹی کی طلب کردہ قیمت 2 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈ (25 ملین پاؤنڈ) رکھی گئی ہے۔ یہ رہائش گاہ جنوب مغربی لندن کے علاقے رچمنڈ میں ہیم کامن کے قریب اور رچمنڈ پارک کے نزدیک واقع ہے۔
پراپرٹی کی تفصیلات کے مطابق جارجین دور سے تعلق رکھنے والا یہ گھر تقریباً 15,814 مربع فٹ رقبے پر مشتمل ہے، جس میں 10 بیڈ رومز، 7 باتھ رومز، وسیع باغات اور ایک علیحدہ کاٹیج بھی شامل ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ رہائش گاہ اپنی تاریخی اہمیت، منفرد طرزِ تعمیر اور ممتاز محلِ وقوع کے باعث برطانیہ کی نمایاں لگژری پراپرٹیز میں شمار کی جاتی ہے۔
یہ گھر ماضی میں عمران خان، جمائمہ خان اور ان کے اہلِ خانہ کی رہائش کے باعث بھی خاص شہرت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی فروخت ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔