غزہ میں مزید 7 فلسطینی شہید، 28 افراد زخمی

جنگ بندی کے بعد سے اب تک ہونے والے حملوں میں 1,098 فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 3,530 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں

July 11, 2026 · بام دنیا

 غزہ میں جنگ بندی کے باوجود پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف حملوں کے بعد 7 افراد کی لاشیں اسپتالوں میں منتقل کی گئیں، جبکہ 28 زخمیوں کو بھی طبی امداد کے لیے لایا گیا۔

وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، تاہم متاثرہ علاقوں تک ایمبولینسوں اور امدادی ٹیموں کی رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی حکام کے مطابق جنگ بندی کے بعد سے اب تک ہونے والے حملوں میں 1,098 فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ 3,530 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں جاری جنگ کے آغاز سے اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 73,221 اور زخمیوں کی تعداد 173,643 تک پہنچ چکی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام نے ان اعداد و شمار یا حالیہ حملوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی باضابطہ مؤقف جاری نہیں کیا۔