ایران کا کویت، بحرین میں امریکی فوجی تنصیبات پر ڈرون حملوں کادعویٰ
امریکی دفاعی نظام اور مواصلاتی مراکز نشانہ بنائے، ایرانی فوج کا اعلان
ایران کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت اور بحرین میں واقع امریکی فوجی تنصیبات پر متعدد ڈرون حملے کیے ہیں۔ ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق یہ کارروائیاں جنوبی ایران پر امریکی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔
ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کویت میں دھماکا خیز ڈرونز کے ذریعے امریکی فوج کے زیرِ استعمال پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام، اسلحہ ڈپو اور ریڈار تنصیب کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان کے مطابق بحرین میں بھی ڈرون حملوں کی ایک اور لہر کے دوران امریکی فوج کے مواصلاتی نظام اور ریڈار سائٹ کو ہدف بنایا گیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ یہ حملے جنوبی ایران میں امریکی فضائی کارروائیوں کے تسلسل کے جواب میں کیے گئے ہیں۔ تاہم ان دعوؤں کی فوری طور پر امریکا، کویت یا بحرین کی جانب سے تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی، جبکہ ممکنہ نقصانات کی تفصیلات بھی جاری نہیں کی گئیں۔