ایران کا خطے میں دشمن کے اڈوں پر بڑے میزائل اور ڈرون حملوں کا اعلان

گزشتہ 48 گھنٹوں کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، ایرانی میڈیا

July 13, 2026 · بام دنیا

ایران نے امریکہ کے جاری حملوں کے جواب میں خطے میں موجود “دشمن کے اڈوں” پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ایرانی سرکاری خبر رساں ایجنسی نور نیوز کے مطابق ایرانی فوج اور پاسدارانِ انقلاب نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، جن کا ہدف خطے میں موجود دشمن کے فوجی اڈے ہیں۔

رپورٹ میں ایک ایرانی فوجی عہدیدار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی امریکہ کی جانب سے ایران پر مسلسل حملوں کے ردعمل میں کی گئی ہے۔

عہدیدار کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کے بعد ان مقامات کی نشاندہی کی گئی، جنہیں تازہ حملوں میں نشانہ بنایا گیا۔ تاہم فوری طور پر حملوں سے ہونے والے نقصانات یا ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔