امریکہ کا ایران میں درجنوں فوجی اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
فضائی دفاعی نظام، ساحلی ریڈار، میزائل، ڈرون تنصیبات اور چھوٹی بحری کشتیاں حملوں کا ہدف بنیں
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران میں متعدد مقامات پر درجنوں فوجی اہداف کو انتہائی درست ہتھیاروں کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والی بین الاقوامی بحری آمدورفت پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو کمزور کرنا تھا۔
بیان کے مطابق حملوں میں ایرانی فوج کے فضائی دفاعی نظام، ساحلی ریڈار مراکز، میزائل اور ڈرون صلاحیتوں کے مراکز، جبکہ چھوٹی فوجی کشتیاں بھی نشانہ بنائی گئیں۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں میں جنگی طیاروں، بحری جنگی جہازوں، یک طرفہ حملہ آور ڈرونز اور پہلی بار یک طرفہ حملہ آور بحری ڈرونز کا استعمال کیا گیا۔
سینٹ کام کے مطابق یہ کارروائیاں خطے میں امریکی مفادات اور بین الاقوامی بحری راستوں کے تحفظ کے لیے کی گئی ہیں۔