لیاری میں جماعت اسلامی دفتر پر دستی بم حملہ،3زخمی
چاکیواڑہ تھانے میں مقدمہ درج۔ دہشت گردی اور ایکسپلوزو ایکٹ دفعات شامل
فائل فوٹو
کراچی میں چاکیواڑہ پولیس نے لیاری میں جماعت اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملے کا مقدمہ درج کرلیا۔
منگل کی شب چاکیواڑہ کے علاقے پھول پتی لین حاجی بچل روڈ پر دستی بم حملے میں جماعت اسلامی کے حلقہ ناظم سمیت 3 افراد چھرے لگنے سے زخمی ہوئے تھے، جو سول اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
واقعے کا مقدمہ ایک نامعلوم ملزم کے خلاف ایکسپلوزو ایکٹ اور دہشت گردی کی دفعات سمیت دیگر دفعات کے تحت جماعت اسلامی کے مقامی ناظم حلقہ عبدالباقی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
مدعی عبدالباقی نے اپنے بیان میں بتایا کہ جب سے ہم جماعت اسلامی کا حصہ بنے ہیں اور فلاحی کام شروع کیا تو ہمیں مختلف نامعلوم ذرائع سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔انہوں نے کہا کہ نامعلوم ملزم نے جان سے مارنے کی نیت اور خوف و ہراس پھیلانے کے لیے ہینڈ گرنیڈ پھینکا، جس کے پھٹنے سے ہم تینوں زخمی ہوگئے۔
مدعی کے بیان پر جرم دفعہ EXPLOSIVE SUBSTANCE ACT 1908 R/W 7ATA 14 / 3 و 324 ت پ کے تحت نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش مقدمہ انچارج CIC تھانہ چاکیواڑہ کے سپرد کردی گئی ہے۔