اسٹریٹ موومنٹ نہیں چل رہی،علیمہ خان مائننگ کے کاروبارمیں مصروف:شیرافضل مروت

مائننگ، گورنر ہاؤس اور خیبرپختونخوا سے متعلق متعدد دعوے، علیمہ خان پر تنقید

July 17, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیر افضل مروت نے علیمہ خان سے متعلق مختلف دعوے کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اصل معاملے کے بجائے یہ خبر اٹھا لیتا ہے کہ علیمہ خان نے خیبر پختونخوا میں اسٹریٹ موومنٹ شروع کر دی ہے۔

نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے دعویٰ کیا کہ چند روز قبل مائننگ کے سیکرٹری نے علیمہ خان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس کے بعد وہ چترال گئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چترال میں علیمہ خان کے بیٹے کا مائننگ کا ٹھیکہ ہے ، ان کی بہو بھی چترال سے تعلق رکھتی ہیں۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ علیمہ خان زیادہ تر گورنر ہاؤس نتھیا گلی میں رہتی تھیں اور ایک موقع پر انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے گورنر ہاؤس کی تزئین و آرائش کرانے کا کہا۔ اس مقصد کے لیے لاہور کی ایک کمپنی تجویز کی گئی، جس نے صرف خوبصورتی کے کام کے لیے 45 کروڑ روپے سے زائد کا تخمینہ دیا، اس پر علی امین گنڈاپور نے کہا کہ “اتنے پیسوں میں تو میں نیا گورنر ہاؤس بنا لوں گا۔”