غزہ پر اسرائیلی حملے۔ جنازے میں شریک افراد سمیت 14 فلسطینی شہید
عینی شاہدین کے مطابق سوگوار احمد یاسین مسجد کے باہر جنازے کے آغاز کے منتظر تھے
غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 14 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں جنازے میں شرکت کرنے والے متعدد سوگوار بھی شامل ہیں۔ ان میں سے آٹھ افراد وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں جنازے کے جلوس پر ہونے والے ڈرون حملے میں شہید ہوئے۔
رپورٹس کے مطابق حماس کے ساتھ نام نہاد جنگ بندی کے نو ماہ گزرنے کے باوجود اسرائیل کی جانب سے غزہ پر تقریباً روزانہ حملے جاری ہیں۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی اور ایک اسپتال نے بتایا کہ جمعہ کے روز اسرائیلی حملے میں نصیرات کیمپ کے بلاطہ مارکیٹ کے علاقے میں شہریوں کے ایک اجتماع کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں آٹھ افراد شہید ہوگئے۔
العودہ اسپتال کے مطابق اس حملے میں کم از کم 20 افراد زخمی بھی ہوئے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ڈرون نے احمد یاسین مسجد کے باہر جمع فلسطینی سوگواروں کو اس وقت نشانہ بنایا جب وہ اسی علاقے میں دن کے اوائل میں ایک علیحدہ حملے میں شہید ہونے والے فلسطینی کے جنازے کے جلوس کے آغاز کا انتظار کر رہے تھے۔