پنجاب میں 19 جولائی سے موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی

بارشوں کا یہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔پی ڈی ایم اے

July 18, 2026 · ماحولیاتی تغیر

پنجاب میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ 19 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مختلف اضلاع کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 24 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔ اس دوران بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی توقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر کم وقت میں زیادہ بارش ہونے کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ادارے نے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور ملتان سمیت کئی بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کے امکان سے خبردار کیا ہے۔ اس کے علاوہ مری، گلیات اور نالہ لئی کے اطراف برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، آندھی، طوفان اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ بارش کے پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دور رکھیں۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری فوری طور پر ادارے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔