اسلام آباداور سندھ ہائیکورٹس کیلئے نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری منظور
جوڈیشل کمیشن نے تقرریوں، توسیعات اور ججز کنفرمیشن کی سفارشات دیں
فائل فوٹو
چیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہونے والے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے اجلاس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائی کورٹس سے متعلق اہم تقرریوں، توسیعات اور ججز کی کنفرمیشن سے متعلق سفارشات منظور کرلی گئیں۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے جسٹس خالد حسین شاہانی کی بطور ایڈیشنل جج سندھ ہائی کورٹ مدتِ تعیناتی میں مزید 6 ماہ توسیع کی سفارش کی، جسٹس سید فیاض الحسن شاہ کو مستقل جج بنانے کی سفارش نہیں کی گئی۔
کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ کے آئینی بینچز کی مدت میں مزید 3 ماہ توسیع کی سفارش بھی منظور کی۔ سندھ ہائی کورٹ کے لیے 3 نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش کرتے ہوئے محمد ہمایوں خان، سریش کمار اور ڈاکٹر شاہ نواز میمن کو نامزد کیا گیا، جبکہ دو نشستیں مطلوبہ اکثریت نہ ملنے کے باعث خالی رہ گئیں۔
اعلامیے کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے لیے بھی 3 نئے ایڈیشنل ججز کی تقرری کی سفارش منظور کی گئی، جن میں ایاز شوکت، شہرخ ارجمند اور عمیر مجید ملک شامل ہیں۔
دوسری جانب جوڈیشل کمیشن نے پشاور ہائی کورٹ کے چار ایڈیشنل ججز کو مستقل جج بنانے کی سفارش کی، جن میں جسٹس فرح جمشید، جسٹس انعام اللہ خان، جسٹس ثابت اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب شامل ہیں۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اجلاس میں سندھ، اسلام آباد اور پشاور ہائی کورٹس سے متعلق تقرریوں، مدتِ تعیناتی میں توسیع اور ججز کی کنفرمیشن کے معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔