کشمیری مہاجرین کی نشستوں پر انتخابات،راولپنڈی میں 18پولنگ اسٹیشنز حساس قرار

100 پولنگ اسٹیشن، 18 حساس قرار، سخت سیکیورٹی انتظامات کی ہدایات جاری

July 23, 2026 · قومی

فائل فوٹو

آزاد جموں و کشمیر کی مہاجرین کی نشستوں پر 2 اگست کو ہونے والے انتخابات کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا کی مشترکہ صدارت میں ڈی سی کمپلیکس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، الیکشن کمیشن کے نمائندوں، پولیس، ٹریفک پولیس، سول ڈیفنس، ریسکیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں انتخابی انتظامات، سیکیورٹی، الیکشن میٹریل کی محفوظ ترسیل، ایمرجنسی ریسپانس پلان، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

الیکشن کمیشن کی نمائندہ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی ضلع میں آزاد کشمیر مہاجرین کی نشستوں کے لیے مجموعی طور پر 100 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 18 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حساس پولنگ اسٹیشنوں پر غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں گے، جہاں 100 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے،  ان مقامات پر نصب کیمروں کو سیف سٹی نظام سے منسلک کرکے مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں الیکشن میٹریل کی بروقت اور محفوظ ترسیل، پولنگ عملے کی نقل و حرکت، ٹریفک کی روانی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او راولپنڈی حسن مشتاق سکھیرا نے ہدایت کی کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ 2 اگست کو ہونے والے انتخابات پرامن، شفاف اور خوش اسلوبی سے مکمل ہوں اور ووٹرز کو محفوظ اور سہل ماحول فراہم کیا جا سکے۔