لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کی فورسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی۔نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ کے سربراہ مقرر

پاک فوج میں چیف آف جنرل اسٹاف کے فرائض انجام دے رہے تھے

July 24, 2026 · اہم خبریں

فائل فوٹو

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان آرمی کے چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا، ہلالِ امتیاز (ملٹری)، ستارۂ بسالت کو فور سٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر کمانڈر نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ مقرر کردیا ہے۔

جنرل عامر رضا کا تعلق مایہ ناز آرمڈ کور رجمنٹ 6 لانسرز سے ہے۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے جنرل عامر رضا کو ترقی اور تعیناتی پر مبارکباد دی اور اس اہم ذمہ داری کی انجام دہی میں ان کےلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم ہاؤس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جنرل عامر رضا کی ترقی اور تقرری کا باضابطہ اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا۔

کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا منصب ملک کی اسٹریٹجک صلاحیتوں اور قومی دفاعی حکمتِ عملی کے حوالے سے انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے ۔جنرل عامر رضا کی فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی کو پاکستان کی عسکری قیادت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

جنرل عامر رضا نے 1988 میں کمیشن پاس کیا، انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد سے گریجویشن کی، اس کے علاوہ وہ یونیورسٹی آف نوٹنگھم سے بین الاقوامی تعلقات کی ڈگری بھی حاصل کر چکے ہیں۔

جنرل عامر رضا کو جنوری 2025 میں چیف آف جنرل سٹاف جی ایچ کیو تعینات کیا گیا تھا، اس کے علاوہ وہ کور کمانڈر لاہور اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا کے طور پر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان آرمی، ایئرفورس اور نیوی (ترمیمی) بل 2025 کی منظوری کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کرایا گیا، اسی قانون سازی کے تحت فیلڈ مارشل عاصم منیر کو چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیاتھا۔

نیا کمان ڈھانچہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) کا عہدہ ختم ہونے کے خاتمے کے بعد تشکیل دیا گیا۔ جنرل شمشاد مرزا اس عہدے پر خدمات انجام دینے والے آخری افسر تھے، جن کے بعد یہ منصب ختم کر دیا گیا۔

ترمیم شدہ قانون کے مطابق وزیراعظم کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ پاک فوج کے حاضر سروس جنرلز میں سے کمانڈر نیشنل سٹریٹجک کمانڈ کا تقرر کریں، یہ تقرری چیف آف آرمی سٹاف کی سفارش پر تین سالہ مدت کے لیے کی جائے گی، جبکہ چیف آف آرمی سٹاف ہی چیف آف ڈیفنس فورسز کا منصب سنبھالیں گے۔