جنرل عامر رضا،اوٹی ایس کورس کے ذریعے فوج میں کمیشن سے نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ تک

آرمرڈکور، ہیوی انڈسٹریزٹیکسلا،اور دو مختلف کورہیڈکوارٹرز کی کمان کرچکے ہیں

July 24, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

 

نیشنل سٹرٹیجک کمانڈ کے پہلے سربراہ جنرل عامر رضا کی فور اسٹار رینک (جنرل) کے عہدے پر ترقی ان کے ایک شاندار اور ممتاز پیشہ ورانہ کیریئر کا نتیجہ ہے، جس میں چیف آف جنرل اسٹاف کے طور پر ان کی خدمات بھی شامل ہیں۔یہ ایک ایسا اہم ترین عہدہ ہے جو سٹریٹجک وژن، آپریشنل مہارت اور فوجی امور کی گہری سمجھ بوجھ کا تقاضا کرتا ہے۔

ان کا وسیع تجربہ، بالخصوص بطور ڈائریکٹر جنرل ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ (weapons and equipment) اور چیئرمین ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) ‘کمانڈر، نیشنل سٹریٹجک کمانڈکے پورٹ فولیو سے وابستہ مشکل تکنیکی ذمہ داریوں کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔

آرمرڈ کورمیں ایک شاندار کیریئر، اور ساتھ ہی پاک فوج میں کمانڈ، اسٹاف اور ادارہ جاتی تقرریوں کا وسیع سلسلہ ان کے وسیع پیشہ ورانہ تجربے اور تکنیکی مہارت کی عکاسی کرتا ہے۔

اس تقرری کو پاک مسلح افواج کے اس عزم کے تسلسل کے طور پر پیش کیا گیا ہے جس کے تحت اعلیٰ ترین ذمہ داریوں کے لیے افسران کا انتخاب پیشہ ورانہ میرٹ، تجربے اور اس کردار کے لیے موزوں ہونے کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

اپنے تجربے اور قابلیت کے باعث، وہ یقیناً اس نئے ہیڈ کوارٹر کے لیے بہترین انتخاب ہیں جو سٹریٹجک ڈومین (Strategic Domain) سے متعلقہ امور میں ایک مرکزی محور کا کردار ادا کرے گا۔

عامر رضا نے6 لانسرزمیں کمیشن حاصل کیا تھا۔ان کا تعلق 22ویں اوٹی ایس(آفیسرٹریننگ سکول) کورس 1988 سے ہے۔پاک فوج کے موجودہ سربراہ اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل سید عاصم منیرکو بھی اوٹی ایس کورس کے ذریعے کمیشن ملاتھا۔جنرل عامر کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے انٹرنیشنل ریلیشنز (بین الاقوامی تعلقات) میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے، اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے ہی ایم ایس سی ان آرٹس اینڈ سائنس آف وارفیئر او ر ڈیفنس اینڈ سٹریٹجک اسٹڈیز کی ڈگریاں حاصل کی ہیں۔

وہ نومبر 2007 سے ستمبر 2009 تک 6 لانسرز کی کمانڈ کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایک آرمرڈ بریگیڈ، جنوبی وزیرستان میں ایک انفنٹری بریگیڈ اور ایک انفنٹری ڈویژن کی کمانڈ بھی کی ہے۔ وہ ٹو کورمیں چیف آف اسٹاف اور ویپنز اینڈ ایکوپمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
اسکول آف آرمر اینڈ میکانائزڈ وارفیئر میں انسٹرکٹر، ڈائریکٹر فیکلٹی آف ریسرچ اینڈ ڈاکٹرائنل اسٹڈیز اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ میں چیف انسٹرکٹر رہ چکے ہیں۔

جنرل عامر رضا نے 28 اپریل 2020 کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا (HIT) کی کمان سنبھالی۔ 11 اکتوبر 2022 کو انہیں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔

9 مئی کو سیاسی جماعت کے شرپسندوں کی ہنگامہ آرائی اور فسادات کے بعد، 16 مئی 2023 کو عامر رضا لاہور کے کورکمانڈر مقرر ہوئے تھے۔