لاہور میں بارش کا خطرہ برقرار،پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا
شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش متوقع ہے۔ پیش گوئی کے مطابق دوپہر اور سہ پہر کے بعد بارش کا سلسلہ بتدریج کم ہونے کا امکان ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث آج بھی متعدد شہروں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے الرٹ برقرار رکھا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں مون سون کا نسبتاً کمزور سسٹم موجود ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش متوقع ہے۔ پیش گوئی کے مطابق دوپہر اور سہ پہر کے بعد بارش کا سلسلہ بتدریج کم ہونے کا امکان ہے۔
ممکنہ بارشوں کے پیش نظر منیجنگ ڈائریکٹر واسا غفران احمد نے نکاسیٔ آب کے انتظامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام فیلڈ عملے کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 27 جولائی تک مون سون بارشوں کے حوالے سے جاری الرٹ برقرار رکھا ہے۔ ادارے نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور حفاظتی انتظامات جاری رکھے جائیں۔