ہمارا کارکن ن لیگی امیدوار کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ، بلاول بھٹو کا الزام

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟

July 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

مظفرآباد: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول نے آزاد کشمیر انتخابات کے دوران نکیال میں ن لیگ اور پی پی کے تصادم میں پیپلز پارٹی کے کارکن کی ہلاکت کا الزام ن لیگ پر عائد کردیا۔

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید کارکن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار عمیر نعیم کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں ان کے کارکن مختار یونس شہید ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ متعلقہ حکام اور الیکشن کمیشن کہاں ہیں؟ انہوں نے کہا کہ اگر دو روز قبل سامنے آنے والی مبینہ فائرنگ کی ویڈیو کا بروقت نوٹس لیا جاتا تو آج ایک قیمتی انسانی جان ضائع نہ ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ مختار یونس، پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید بڈھانوی کے ساتھ بھرپور انتخابی مہم چلا رہے تھے اور مخالفین اپنی ممکنہ شکست دیکھ کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔