عوامی عدم دلچسپی کے باعث ٹرن آؤٹ مایوس کن رہا ، چوہدری انوار الحق

اگر اقتدار دلانے کے معاملے میں مداخلت کا تاثر پیدا ہو تو سوالات اٹھتےہیں،سابق وزیراعظم کی گفتگو

July 27, 2026 · قومی

فائل فوٹو

میرپور ڈویژن میں انتخابات کے دوران عوامی عدم دلچسپی دیکھنے میں آئی، جہاں ٹرن آؤٹ انتہائی مایوس کن اور کم رہا۔

سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے انتخابی عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد آزاد کشمیر میں انتخابات کے لیے یہ طریقہ کار اختیار کیا گیا کہ تین  مراحل میں انتخابات کرائے جائیں، اور وہ بھی پنجاب پولیس کی نگرانی میں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے پولنگ اسٹیشنز پر فوج اور رینجرز کی موجودگی ہوتی تھی، جس کی وجہ سے حالات بہتر رہتے تھے، جبکہ اب سُوامی اور بدنرلہ میں شدید لڑائی جھگڑے ہوئے اور پولنگ اسٹیشنز بھی جلائے گئے۔

صحافی کا سوال کیا پنجاب پولیس کو یہاں نہیں ہونا چاہیے تھا ؟

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ ان کے خیال میں چاروں صوبوں  کی پولیس کو یہاں ہونا چاہیے تھا، لیکن شرط یہ ہے کہ پولیس اتنی قابل ہو کہ کسی شہری کو نقصان نہ پہنچائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اقتدار دلانے کے معاملے میں مداخلت کا تاثر پیدا ہو تو عوام کے سوالات اٹھتے ہیں۔ ان کے مطابق عوام کا اعتماد مسلح افواج پر ہے، جبکہ رینجرز اور ایف سی کی کمان بھی فوج کے پاس ہوتی ہے۔

چوہدری انوار الحق نے کہا کہ وہ غیرجانبداری کی شرط پر یہ بات کر رہے ہیں، تاہم اگر پولیس کی جانب سے کارروائی ہوئی ہے تو قانون کی پابندی ضروری ہے، کیونکہ لائسنس کسی کو نہیں روکتا، چاہے ایک پولنگ اسٹیشن جلے یا دس دوبارہ ایسے واقعات ہوں۔