وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا 5 اگست کو پشاور ٹول پلازہ پر تاریخی جلسے کا اعلان

ظلم، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام کو خود اٹھ کر آواز بلند کرنا ہوگی ۔

July 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی نے کہا ہے کہ5 اگست شام 6 بجے پشاور ٹول پلازہ پر فیصلہ کن جلسہ ہوگا، خصوصاً نوجوان بھرپور شرکت کریں،ظلم، ناانصافی، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوام کو خود اٹھ کر آواز بلند کرنا ہوگی۔5اگست جلسے کے حوالے سے  اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمدسہیل آفریدی نے کہا کہ 5 اگست کا جلسہ سیمی فائنل ہوگا، اہم اعلانات کیے جائیں گے،عمران خان اور بشریٰ بی بی کی صحت تشویشناک ہے، ذاتی ڈاکٹرز کی نگرانی میں علاج کا آئینی و قانونی مطالبہ پورا نہیں کیا جا رہا۔

انھوں نے کہا کہ عمران خان کو غیر قانونی طور پر آئسولیشن میں رکھا گیا، اہلِ خانہ، پارٹی رہنماؤں، ذاتی ڈاکٹرز اور بیٹوں سے ملاقات کی اجازت نہیں، عمران خان کی صحت اور حالت سے لاعلم رکھنا غیر قانونی ہے، ان کے ساتھ اغوا شدہ شخص جیسا سلوک ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ عمران خان کو انصاف نہیں مل رہا، مقدمات کی سماعت اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں ہو رہا،سپیکر، وزیراعظم ، چیف جسٹس اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا مگر عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی، میں عمران خان کا نمائندہ ہوں، عوام نے عمران خان کے نام پر ووٹ دیا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں عمران خان کا وژن نافذ کرنا عوام کا مینڈیٹ ہے،تمام آئینی و قانونی راستے اختیار کرنے کے بعد احتجاج ہی واحد راستہ بچا ہے، دو سال سے احتجاج نہیں کیا پھر بھی ملاقاتوں پر پابندی برقرار ہے،عمران خان کو جھکانے کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی۔

انھوں نے کہا کہ وہ جیل میں رہ کر بھی آزاد جبکہ حکمران اقتدار میں رہ کر بھی غلام ہیں،حکمران عوام کے بجائے اپنے لانے والوں کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں، حکمران بلوچستان اور کشمیر کے حالات پر بھی خاموش ہیں،بندوق کسی مسئلے کا حل نہیں، تمام مسائل آئین اور قانون کے مطابق حل ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ملکی معیشت تباہی کی طرف جا رہی ہے، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی بڑھ رہی ہے جبکہ حکومت کی ترجیح صرف عمران خان کو پابندیوں میں رکھنا ہے، چند افراد اپنی انا کی خاطر پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں، پاکستان کا نوجوان یہ ہونے نہیں دے گا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو عظیم ملک بنانے اور قوم کو متحد کرنے کی صلاحیت صرف عمران خان میں ہے، وہ پاکستان کی وحدت اور سلامتی کی ضمانت ہیں، میرے خلاف 9 مئی کے مقدمات دوبارہ کھول دیے گئے، بریت کے بعد بھی دوبارہ تفتیش شروع کر دی گئی،28 اور 29 جولائی کو مزید مقدمات مقرر کیے گئے، مگر میں نہ ڈرتا ہوں، نہ جھک سکتا ہوں، نہ خریدا جا سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مرتے دم تک عمران خان کے نظریے پر قائم رہوں گا، کوئی طاقت مجھے پیچھے نہیں ہٹا سکتی۔