مون سون کا نیا طاقتور سلسلہ داخل ، محکمہ موسمیات کا الرٹ
اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر
فائل فوٹو
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 29 جولائی سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کا نیا طاقتور سلسلہ داخل ہونے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارشوں کے نئے طاقتور سلسلے کے باعث مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ ادارے نے شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ بعض مقامات پر شدید بارش کے باعث شہری علاقوں میں نکاسی آب کا نظام متاثر ہونے اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ 29 جولائی سے شروع ہونے والا مون سون کا نیا اور طاقتور سلسلہ اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور دریاؤں کے بالائی کیچمنٹ علاقوں کو متاثر کرے گا، جہاں کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب اور دریائے راوی میں پانی کی سطح مزید بلند ہو سکتی ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔