راولاکوٹ: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی زبردستی شہر میں داخلے کی کوشش، فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی

مظاہرین سے پرامن طور پر منتشر ہونے کی اپیل کی گئی تھی، جسے احتجاجیوں نے یکسر مسترد کر دیا، پولیس ترجمان

July 27, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولاکوٹ : راولاکوٹ میں کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے مسلح افراد نے شہر میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے دوران شرپسند عناصر کی فائرنگ سے آزاد جموں و کشمیر (AJK) پولیس کے 2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس ترجمان کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کے لیے مظاہرین سے پرامن طور پر منتشر ہونے کی اپیل کی گئی تھی، جسے احتجاجیوں نے یکسر مسترد کر دیا۔ اس کے بعد شرپسند عناصر نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں پر براہ راست فائرنگ کر دی۔

ڈی آئی جی ریجن پونچھ (راولاکوٹ) نے صورتحال پر ردعمل دیتے ہوئے واضح کیا کہ ریاست میں قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے، ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور تشدد پھیلانے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ میرپور ڈویژن میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے بعد کالعدم ایکشن کمیٹی شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور وہ انتخابی نتائج سمیت پورے جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوششیں کر رہی ہے۔

پولیس حکام نے یہ بھی نشاندہی کی کہ تنظیم کے سوشل میڈیا ہینڈلرز حقائق کو مسخ کر کے من گھڑت اور سنسنی خیز ویڈیوز کے ذریعے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بے بنیاد اور اشتعال انگیز خبروں پر کان دھرنے کے بجائے صرف مستند ذرائع اور سرکاری اطلاعات پر اعتماد کریں۔

صورتحال کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے علاقے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں اور مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے۔