آزاد کشمیر میں موبائل اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروسز 5 اگست تک معطل
موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر اور عوامی مفاد کے تحفظ کی خاطر یہ قدم اٹھایا گیا ہے،نوٹیفکیشن جاری
فائل فوٹو
مظفرآباد :حکومتِ آزاد جموں و کشمیر کے محکمۂ داخلہ نے خطے میں امن و امان کی موجودہ صورتحال اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں موبائل ڈیٹا اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروسز عارضی طور پر معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
محکمۂ داخلہ کی جانب سے جاری کردہ آفیشل نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی آج رات 11:30 بجے سے نافذ العمل ہوگی اور 5 اگست 2026 تک برقرار رہے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیشِ نظر اور عوامی مفاد کے تحفظ کی خاطر یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
حکام نے تمام ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں، متعلقہ اداروں اور عام شہری طبقے سے اپیل کی ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران اپنے ضروری اور ہنگامی امور کی انجام دہی کے لیے پیشگی متبادل انتظامات مکمل کر لیں۔
سیکریٹری محکمۂ داخلہ آزاد جموں و کشمیر کے دستخط سے جاری ہونے والا یہ حکم نامہ فوری طور پر پورے آزاد کشمیر میں نافذ العمل کر دیا گیا ہے۔