راولاکوٹ احتجاج کے پیچھے بھارت کے حمایت یافتہ عناصر ہیں، مذاکرات نہیں ہوں گے ، خواجہ آصف

پاکستان دشمنی پر کوئی سمجھوتہ نہیں: راولاکوٹ میں فورسز پر حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری ہے، وزیر دفاع

July 28, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ راولاکوٹ میں جاری احتجاج کے پیچھے موجود عناصر کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور ان کے خلاف کارروائیاں جاری بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر پاکستان کی سالمیت کے خلاف سرگرم ہیں اور پاکستان دشمنی کا کھل کر اظہار کر رہے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہاکہ احتجاج کے پیچھے موجود لوگ بھارت کے حمایت یافتہ ہیں اور ان کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ جو زبان اور الفاظ یہ عناصر استعمال کر رہے ہیں، پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی بھی کشمیری یا ملک کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والا شہری اس انداز میں بات نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایسے عناصر کو پاکستان دشمنوں کی صف میں شامل کیا جانا چاہیے۔

فورسز پر حملے کرنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کرنے والے عناصر سے مذاکرات کے امکان سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے کہا کہ ان کے خیال میں ایسے لوگوں کے ساتھ کسی قسم کا مذاکراتی عمل نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وہ ان عناصر کو بھی اسی زمرے میں رکھتے ہیں جس میں بھارت کو رکھا جاتا ہے، کیونکہ ان کے نزدیک یہ عناصر بھی پاکستان دشمن ہیں۔