حیدرآباد: کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس کو حادثہ، ایک بوگی پٹری سے اتر گئی
مسافروں کی چیخ و پکار پر ڈرائیور نے ٹرین روک کر ٹرین کو بڑے حادثے سے بچالیا۔
فوٹو امت
حیدرآباد : حیدرآباد میں کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیزگام ایکسپریس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، ایک مسافر بوگی پٹڑی سے اتری تو مسافروں کی چیخ و پکار پر ڈرائیور نے ٹرین روک کر ٹرین کو بڑے حادثے سے بچالیا۔
بتایا جاتا ہے کہ گدو چوک کے قریب سحرش نگر ریلوے پھاٹک کے مقام پر کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس کی انجن سے منسلک چوتھی تیرہ نمبر بوگی اچانک پٹڑی سے اتر گئی۔ بوگی پٹڑی سے اترنے کے باعث پوری ٹرین میں جھٹکے لگے تو مسافروں کی چیخ و پکار اور خوف و ہراس پھیل گیا جس پر ڈرائیور نے فوری ایمرجنسی بریک لگا کر ریلوے پھاٹک کے قریب ہی ٹرین کو روک دیا۔
بوگی ڈی ریل ہونے کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی اپ ٹریک کو نقصان پہنچا البتہ تیرہ نمبر متاثرہ بوگی کو شدید نقصان پہنچا۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی ٹیم، پولیس اور ریلوے حکام موقع پر پہنچ گئے۔ ابتدائی طور پر ٹرین کے انجن کے ساتھ منسلک تین مسافر بوگیوں کو متاثرہ بوگی سے علیحدہ کرکے حیدرآباد جنکشن کی طرف روانہ کردیا گیا جبکہ متاثرہ بوگی کو ریلوے ٹریک سے ہٹانے کیلیے کرین طلب کی گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق متاثرہ بوگی کو کرین کی مدد سے ٹریک سے ہٹانے کے بعد دیگر بوگیوں کو دوسرے انجن کے ساتھ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن کی طرف روانہ کیا جائے گا جس میں کافی وقت درکار ہوگا۔ آخری اطلاعات تک مرمتی کام جاری تھے۔