سکیورٹی فورسز کی خیبر اور بلوچستان میں کارروائیاں،32 دہشت گرد ہلاک

کارروائیاں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

July 29, 2026 · اہم خبریں

راولپنڈی:خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 32 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشن کیے گئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کارروائیاں انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع خیبر میں کیے گئے کلیئرنس اور ٹارگٹڈ آپریشنز کے دوران 24 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں ایک اور کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

بیان کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جسے بعد ازاں موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ وہاں موجود کسی بھی دوسرے مسلح عناصر کا سراغ لگا کر کارروائی مکمل کی جا سکے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ قومی ایکشن پلان اور عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔