سیلانی آئی ٹی ایکسپرٹ نےبٹ کوائن سافٹ ویئر کو سائبر حملےسے بچالیا

بٹ کوائن کور ڈویلپر نے سیکیورٹی خامی کی نشاندہی پر خراجِ تحسین پیش کیا

July 29, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے سابق طالب علم اور فیکلٹی لیڈر امین عالم نے بٹ کوائن نیٹ ورک کے بنیادی سافٹ ویئر Bitcoin Core میں سیکیورٹی خامی کی نشاندہی کرکے عالمی سطح پر پاکستان اور سیلانی کا نام روشن کردیا۔

بٹ کوائن کور کے ڈویلپر نے مجوزہ کوڈ کے جائزے کے دوران اہم سیکیورٹی خامی کی نشاندہی پر امین عالم کا نام لے کر شکریہ ادا کیا، جو ان کی تکنیکی صلاحیتوں کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے

امین عالم نے 2016 سے 2018 کے دوران سیلانی کے مفت آئی ٹی پروگرام سے تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں وہ سیلانی کی تدریسی قیادت کا حصہ بنے اور گورنر سندھ کے آئی ٹی پروگرام میں سیلانی کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈین آف فیکلٹی کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

انہوں نے 150 سے زائد اساتذہ کی قیادت کی، جو پانچ لاکھ سے زائد طلبہ کو مختلف پروگرامز میں تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔

حال ہی میں امین عالم نے بٹ کوائن کور کے سورس کوڈ کا ازخود جائزہ لیا، جو دنیا بھر میں بٹ کوائن نیٹ ورک کے بنیادی سافٹ ویئر کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔

کوڈ کے جائزے کے دوران انہوں نے ایک اہم سیکیورٹی خامی کی نشاندہی کی۔ خامی یہ تھی کہ درخواست کی باڈی کے سائز کی حد مقرر تھی، تاہم متعدد ریڈز کے دوران ہیڈر کے مجموعی سائز کا درست حساب نہیں رکھا جا رہا تھا، جو عوامی سرور پر سائبر حملے کا سبب بن سکتا تھا۔

امین عالم نے اس خامی کی نشاندہی کی، جس کے بعد بٹ کوائن کور کے ڈویلپر میتھیو زپکن نے مسئلے کی تصدیق کی، اسے درست کیا اور اضافی ٹیسٹ شامل کیے۔

واضح رہے کہ یہ خامی کسی صارف تک پہنچنے سے پہلے ہی مجوزہ کوڈ میں دریافت کرکے دور کردی گئی۔

امین عالم نے اس تجربے کو پاکستان واپس لا کر سیلانی میں ڈیجیٹل ایسیٹس انجینئرنگ پروگرام کی بنیاد بھی رکھی، جس میں بلاک چین، اسمارٹ کنٹریکٹس، ٹوکنائزیشن اور ڈیجیٹل سیٹلمنٹ جیسے جدید موضوعات شامل ہیں۔

امین عالم کا کہنا ہے کہ اوپن سورس کی خوبی یہ ہے کہ عالمی نیٹ ورک کو محفوظ بنانے والا کوڈ دنیا میں کہیں سے بھی کوئی شخص دیکھ اور بہتر بنا سکتا ہے۔

سیلانی کے مطابق اس پروگرام کے لیے اہلیت ٹیسٹ 26 جولائی کو ہوچکا ہے جبکہ باقاعدہ کلاسز آئندہ ہفتے شروع ہوں گی۔