لاہور میں مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد جاں بحق
حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد، جن میں ناصر، زاہد، شاہد، صابر، ثانیہ اور سحر شامل ہیں، کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا،
لاہور کے علاقے باغبان پورہ، کوٹلی پیر عبدالرحمان میں رات گئے ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں بوسیدہ تین منزلہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا۔ حادثے کے وقت مکان میں 18 سے زائد افراد موجود تھے، جن میں سے متعدد ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر امدادی ادارے موقع پر پہنچ گئے، جبکہ مقامی افراد نے بھی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو نکالنے میں حصہ لیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 3 خواتین، 2 بچے اور 2 نوجوان شامل ہیں۔ ابتدائی طور پر جن افراد کی شناخت ہوئی ہے ان میں 60 سالہ شاہدہ، 52 سالہ ثمینہ، 25 سالہ مجاہد اور 7 سالہ حماد شامل ہیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والے 6 افراد، جن میں ناصر، زاہد، شاہد، صابر، ثانیہ اور سحر شامل ہیں، کو فوری طور پر سروسز اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
کمشنر لاہور اور ڈپٹی کمشنر لاہور نے رات گئے جائے وقوعہ اور سروسز اسپتال کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے آخری متاثرہ شخص تک ریسکیو آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔
اس موقع پر مقامی منتخب نمائندے بھی جائے وقوعہ پر موجود رہے اور متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تعاون اور امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے موسم میں خستہ حال اور بوسیدہ عمارتوں میں رہائش سے گریز کریں اور کسی بھی خطرناک عمارت کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔