الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتیں ڈی لسٹ کردیں
انٹرا پارٹی انتخابات اور سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر کارروائی، فہرست جاری
فائل فوٹو
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم کرتے ہوئے اس حوالے سے نوٹیفکیشنز جاری کردیے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کو انٹرا پارٹی انتخابات، سالانہ گوشوارے اور دیگر تقاضے پورے نہ کرنے پر ڈی لسٹ کیا گیا ہے۔
ای سی پی کی جانب سے ڈی لسٹ کی جانے والی سیاسی جماعتوں میں ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان، عوامی جمہوری پارٹی پاکستان، ہم عوام پاکستان پارٹی اور پاکستان ریفارم پارٹی شامل ہیں۔
فیصلے کی تفصیلات کے مطابق چاروں سیاسی جماعتوں کو مختلف وجوہات کی بنیاد پر ڈی لسٹ کیا گیا، جبکہ ان کی رجسٹریشن منسوخی کے نوٹیفکیشنز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے 4 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن منسوخی کے بعد سیاسی جماعتوں کی تازہ فہرست جاری کردی ہے، جس کے مطابق الیکشن کمیشن میں درج سیاسی جماعتوں کی تعداد کم ہو کر 164 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی اور ٹی ایل پی بغیر کسی تنظیم کے فہرست میں موجود ہیں۔ الیکشن کمیشن اس سے قبل پاک سرزمین پارٹی، استحکام پاکستان تحریک، پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی سمیت 8 سے زائد سیاسی جماعتوں کو بھی ڈی لسٹ کر چکا ہے۔