کیلیفورنیا میں امریکی ایف35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ
حادثے کے فوری بعد پائلٹ کو معمولی زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا میں امریکی میرین کور کا جدید ایف-35 بی لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر گر گیا، تاہم پائلٹ بروقت پیراشوٹ کے ذریعے باہر نکلنے میں کامیاب رہا۔
امریکی میرین ائیرکرافٹ گروپ 11 کے مطابق ایک نشست والا ایف-35 بی طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے میرین کور ائیر اسٹیشن کے قریب رن وے تک پہنچنے سے قبل گر کر تباہ ہوگیا۔
امریکی فوج کے مطابق حادثے کے فوری بعد پائلٹ کو معمولی زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
طیارہ گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر ائیرپورٹ کے فائر فائٹرز نے بروقت قابو پا لیا اور ملبے کے اطراف میں لگی گھاس کی آگ بھی بجھا دی گئی۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، جبکہ امریکی فوج نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ طیارہ گرنے کی اصل وجہ سامنے لائی جا سکے۔
واضح رہے کہ ایف-35 بی لائٹننگ II دنیا کے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیاروں میں شمار ہوتا ہے، جو مختصر رن وے سے ٹیک آف اور عمودی لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس طیارے کی مالیت تقریباً 102 ملین امریکی ڈالر بتائی جاتی ہے اور اسے امریکی میرین کور سمیت برطانیہ اور اٹلی کی فضائی افواج بھی استعمال کرتی ہیں۔