وفاقی پولیس کی بھرتیوں کے لیے رننگ ٹیسٹ میں جعلی امیدوار شامل کرنے کی کوشش ناکام
2اہل کاروں سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج
تصویر : سوشل میڈیا
اسلام آباد پولیس میں ریکروٹمنٹ ٹیسٹ کے دوران جعلی امیدواروں کو شامل کرنے کی کوشش کے الزام پر دوپولیس اہلکاروں سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیاگیا۔تھانہ شمس کالونی پولیس کے مطابق دوڑ کے مرحلے میں ناکام امیدواروں کو دھوکے سے دوبارہ شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس بھرتی کا فزیکل رنگ ٹیسٹ تھا جو کہ G-11 اشارہ اولڈایس پی آفس سے شروع ہو کر براستہ نسٹ روڈ پولیس لائنز گیٹ پر اختتام پذیر ہوتا ہے دوڑنے والے امیدواران نیشنل پولیس اکیڈمی گیٹ کے سامنے پہنچے تو وہاں پر موجود ایک شخص نے اپنے ہاتھ کے اشارے سے قریبی جھاڑیوں میں چھپے ہوئے تین لڑکوں کو اٹھا کر دوڑ میں شامل کر دیاجنہیں منع کیا گیا لیکن وہ دوڑ میں شامل ہو گئے ۔روکنے پر انہوں نے مزاحمت شروع کر دی ۔ اسی دوران جب دوڑ میں پاس امیدواران کامیابی کا اندراج کرانے پنڈال میں پہنچے تو ایک شخص نے ایک لڑکے کو جوس دینے کا بہانہ کرتے ہوئے دھوکے سے کامیاب امیدواروں میں شامل کر دیا،جس پر پولیس ٹیم نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ارسلان، حسن رضا، دانیال اور فہد خان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ شمس کالونی میں مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ معاونت کرنے والے اہلکارمحسن شکورپیٹی نمبر9781 C متعینہ کیپیٹل پیٹرول یونٹ اسلام آباد اور خالد خان وارڈر جیل پولیس پیٹی نمبر PB/6149 ولد امیر خان کو بھی حراست میں لےلیا گیا۔