احسن اقبال کاہتک عزت دعویٰ منظور،مراد سعید کو25 لاکھ ہرجانہ ادا کرنےکاحکم

عدالت نے کرپشن الزامات ثابت نہ ہونے پر احسن اقبال کے حق میں فیصلہ سنا دیا

August 1, 2026 · امت خاص

فائل فوٹو

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرتے ہوئے مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے احسن اقبال کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے حکم دیا کہ مراد سعید، احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ادا کریں۔

عدالتی فیصلے کے مطابق احسن اقبال کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مراد سعید کو ہرجانہ ادا کرنا ہوگا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر لگائے گئے 70 ارب روپے کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، جبکہ کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم شواہد کی روشنی میں یہ رقم حد سے زیادہ ہے۔ مراد سعید کے متنازع بیان سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا، جبکہ الزامات کے باعث عام شہریوں میں ان کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔

عدالت کے مطابق الزامات احسن اقبال کی دیانت، کردار اور ساکھ پر براہِ راست حملہ تھے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مراد سعید نہ خود عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی ثبوت پیش کیا۔

واضح رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹر وے پروجیکٹ میں کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔