کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کے بعد پاکستانی باکسر قدرت اللہ غائب
وطن واپسی سے چند گھنٹے قبل باکسر کی گمشدگی، فیڈریشن نے تحقیقات شروع کر دیں
فائل فوٹو
کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنے والے پاکستانی باکسر قدرت اللہ گلاسکو سے لاپتا ہوگئے، پاکستان باکسنگ فیڈریشن نے ان کی روپوشی کی تصدیق کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق باکسر قدرت اللہ وطن واپسی کے لیے روانگی سے تقریباً چھ گھنٹے قبل اچانک لاپتا ہوگئے۔ ٹیم کو صبح 9 بجے ہوٹل لابی میں اکٹھا ہونا تھا، تاہم جب انہیں بلانے کے لیے ان کے کمرے میں جایا گیا تو وہ وہاں موجود نہیں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قدرت اللہ رات 2 بجے تک اپنے کمرے میں موجود تھے، تاہم صبح ان کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔ ان کا پاسپورٹ اور واپسی کا ٹکٹ ٹیم منیجر کے پاس موجود ہے، جس کے باعث ان کی گمشدگی نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے ذرائع نے بھی قدرت اللہ کے لاپتا ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں، اس سے قبل 2022 میں انگلینڈ میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے دوران بھی پاکستان کے دو باکسر ٹیم سے الگ ہو کر روپوش ہوگئے تھے۔