بوائے فرینڈ سےجھگڑے کے بعد 18ویں منزل سےچھلانگ لگانے والی خاتون زندہ بچ گئی

چین میں حیرت انگیز واقعہ، درخت اور جھاڑیوں نے خاتون کی جان بچا لی

August 4, 2026 · چشم حیرت

فائل فوٹو

 

بوائے فرینڈ سے جھگڑے کے بعد اپارٹمنٹ کی 18 ویں منزل سے چھلانگ لگانے والی 20 سالہ خاتون کرشماتی طور پر زندہ بچ گئی۔

چین کے شہر جیاشنگ میں پیش آنے والے اس واقعے میں شیاؤئی نامی خاتون نے بوائے فرینڈ سے جھگڑے کے بعد بغیر سوچے سمجھے اپارٹمنٹ بلڈنگ کی 18 ویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔

خاتون خوش قسمتی سے اتنی بلندی سے گرنے کے باوجود زندہ بچ گئی۔ یہ درخت کی وجہ سے ممکن ہوا جس سے زمین پر گرنے سے پہلے خاتون ٹکرائی اور پھر جھاڑیوں میں جاگری۔

یہ واقعہ 12 جولائی کو پیش آیا۔ خاتون کے بوائے فرینڈ نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا اور علاج کے لیے طبی عملے کو 20 ہزار یوآن دیے۔

ڈاکٹروں کے مطابق شیاؤئی کے سر، پھیپھڑوں، جگر اور جسم کے دیگر حصوں کو نقصان پہنچا، جبکہ دونوں ٹانگوں کی ہڈیاں بھی ٹوٹ گئیں۔ اب تک خاتون کے دو آپریشن ہو چکے ہیں اور تیسرے آپریشن کی تیاری کی جا رہی ہے۔

ہوش میں آنے کے بعد شیاؤئی نے چھلانگ لگانے کی وجہ بتائی۔ خاتون کے مطابق واقعے سے قبل بوائے فرینڈ سے متعدد بار جھگڑا ہو چکا تھا اور وہ علیحدگی کے بارے میں سوچ رہی تھی، تاہم بوائے فرینڈ نے اس کا شناختی کارڈ اور موبائل فون اپنے قبضے میں لے لیا اور دروازہ لاک کر دیا۔

خاتون کے ایک انکل نے بتایا کہ ان کی بھتیجی کا سر رات بھر جھگڑے کے بعد چکرا رہا تھا اور اسے فلیٹ سے نکلنے کا صرف ایک راستہ نظر آیا۔ انہوں نے کہا کہ خاتون کو اپنے اس فیصلے پر اب پچھتاوا ہو رہا ہے۔

خاتون کے خاندان کو طبی اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اسپتال کا بل ایک لاکھ یوآن سے تجاوز کر چکا ہے جبکہ خاندان کو مزید 60 ہزار یوآن ادا کرنے ہیں۔

خاندان نے شیاؤئی کے بوائے فرینڈ کو اس سے ملنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ اسے دیکھ کر خاتون دوبارہ کوئی جذباتی فیصلہ کر سکتی ہے۔

پولیس بھی واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ خاندان کے مطابق شیاؤئی خوش قسمت ہے کہ وہ سیمنٹ کے فرش پر گرنے کے بجائے جھاڑیوں میں گری، ورنہ اس کا بچنا ممکن نہ ہوتا۔