بین الاقوامی تائیکوانڈو ایونٹ میں پاکستانی کھلاڑی حسین انجم کی شاندارکامیابی،کانسی کا تمغہ حاصل

حسین انجم خبیب فاؤنڈیشن پاکستان کےتربیت یافتہ کھلاڑی ہیں،جہاں انہیں اعلیٰ معیار کی تربیت حاصل ہوئی

August 5, 2026 · اسپورٹس

فائل فوٹو

پاکستان کے باصلاحیت تائیکوانڈو کھلاڑی حسین انجم نے تھائی لینڈ میں جاری ہیروز کپ انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

حسین انجم نے اپنے پہلے مقابلے میں بھارت کے حریف کو شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ کوارٹر فائنل میں میزبان تھائی لینڈ کے کھلاڑی کو زیر کر کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔ سیمی فائنل میں انہیں چائنیز تائپے کے مضبوط حریف سے سخت مقابلے کیا لیکن فائنل میں جگہ نہ بنا سکے، تاہم وہ مجموعی طور پر سینئر مردوں کے 68 کلوگرام کیٹیگری میں کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔

حسین انجم خبیب فاؤنڈیشن پاکستان کے تربیت یافتہ کھلاڑی ہیں، جہاں انہیں اعلیٰ معیار کی تربیت، رہنمائی اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف خبیب فاؤنڈیشن بلکہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور اس امر کا ثبوت ہے کہ نوجوانوں کی درست تربیت اور سرپرستی انہیں عالمی سطح پر نمایاں مقام دلا سکتی ہے۔
کھیلوں کے حلقوں نے حسین انجم کی اس شاندار کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم سربلند کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ حسین انجم نے گزشتہ ماہ چنچیون کوریا اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2026 میں سینئر مردوں کی منفی 68 کلوگرام کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا تھا۔ حالیہ برانز میڈل ان کی بین الاقوامی سطح پر مسلسل دوسری بڑی کامیابی ہے۔