30 دن تک بغیر دھوئے پہننے والی نئی ٹی شرٹ متعارف
مختلف معدنی اجزا کو صرف کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہِ راست اس کے ریشوں کا حصہ بنایا گیا ہے
واشنگٹن: امریکی ملبوسات تیار کرنے والی ایک کمپنی نے ایسی جدید ٹی شرٹ متعارف کرائی ہے جس کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اسے مسلسل 30 دن تک استعمال کرنے کے باوجود نہ تو بدبو آئے گی اور نہ ہی اسے دھونے کی ضرورت پیش آئے گی۔
کمپنی کے مطابق نئی ٹی شرٹ کی تیاری میں خصوصی ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس میں مختلف معدنی اجزا کو صرف کپڑے کی سطح پر لگانے کے بجائے براہِ راست اس کے ریشوں کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ان اجزا میں تانبا، چاندی، زنک، سونا، آتش فشانی راکھ سمیت دیگر مخصوص مواد شامل ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تانبا بدبو پیدا کرنے والے بیکٹیریا کی افزائش کم کرنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ زنک پسینے سے پیدا ہونے والے بعض مرکبات کے اثرات کو کم کرتا ہے۔ اسی طرح آتش فشانی راکھ نمی اور بیرونی بدبو جذب کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے، جس سے لباس زیادہ دیر تک تازگی برقرار رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق چونکہ اس ٹی شرٹ کو بار بار دھونے کی ضرورت نہیں پڑتی، اس لیے اس کی عمر بھی روایتی ٹی شرٹس کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہے، جس سے پانی اور توانائی کے استعمال میں بھی کمی آ سکتی ہے۔
تاہم ماہرین اور صارفین کی جانب سے اس دعوے پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں، خاص طور پر گرم موسم اور زیادہ پسینے والے ماحول میں اس کی عملی کارکردگی کے حوالے سے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کو روزمرہ استعمال کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور اسے مؤثر ثابت کرنے کے لیے مختلف مراحل میں جانچا گیا ہے۔
اس ٹی شرٹ کی قیمت 79 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے، جبکہ کمپنی کے مطابق اس کی فروخت اور شپمنٹ نومبر کے آغاز سے شروع ہوگی۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سیاہ رنگ میں دستیاب ہوگی، بعد ازاں اسے نیوی بلیو، برگنڈی اور گہرے سبز رنگ میں بھی پیش کیا جائے گا۔