ترکی اور پاکستان سے کاغذی معاہدے کا سعودی عرب کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا،ایرانی عہدیدار

سوشل میڈیاپر بیان میں ابراہیم رضائی کی تنقید

August 7, 2026 · امت خاص

 

سعودی عرب، ترکی اور پاکستان کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ پر ایران کی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن ابراہیم رضائی نے سخت تنقید کی ہے۔

اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے رضائی نے لکھاکہ سعودیوں کو جاننا چاہیے کہ ترکی اور پاکستان کے ساتھ کاغذی معاہدہ انہیں سلامتی نہیں دے گا، بالکل اسی طرح جیسے سال ہا سال تک امریکہ کی یک طرفہ حمایت نے انہیں تحفظ نہیں دیا۔

رضائی نے کہاکہ اپنی پالیسیوں کی اصلاح کرو تاکہ دوسروں سے تحفظ کی بھیک نہ مانگنی پڑے۔دریں اثنا، تہران یونیورسٹی میں استاد، پروفیسر سید محمد مرانڈی نے ایکس پر سابق سعودی صحافی جمال خشوگی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے سوال کیا یہ کہاں مارا گیاتھا۔اس پرکئی صارفین فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کی تصویر لگاکر پوچھ رہے ہیں کہ انہیں کس نے اورکہاں قتل کیا تھا۔

 

پروفیسر مرانڈی نے ایک اور پوسٹ میںسوال کیا کہ یہ اتحاد غزہ کا دفاع کرنے کے لیے ہے؟ یا محمد بن سلمان کو سہارا دینے کے لیے جو یمن پر حملے کررہے ہیں – ایک ایسا ملک جو غزہ کے ساتھ کھڑا ہوا اور جس نے ٹرمپ کی مخالفت کی؟