ایران کا آبنائے ہرمز کے قریب دشمن کا جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
اہم پیش رفت، فضائی دفاعی نظام کی کارروائی، امریکی طیارہ پسپا۔
ایران کا آبنائے ہرمز کے قریب دشمن کا جاسوس ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز اور خلیج فارس کے اوپر دشمن کا ایک جاسوس ڈرون کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے۔ ایرانی فوج کے مطابق ڈرون خلیج فارس کے اوپر پرواز کر رہا تھا، جس کا سراغ مقامی طور پر تیار کردہ فضائی دفاعی نظام کے ذریعے لگایا گیا۔ ایرانی حکام کی جانب سے ڈرون کی شناخت، اس کی ملکیت اور واقعے کے حوالے سے ابتدائی طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے ایک اور بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جدید فضائی دفاعی نظام نے خلیج میں جزیرہ ہنگام کے قریب ایک امریکی فوجی ایف 16 لڑاکا طیارے کو وارننگ فائر کرکے واپس جانے پر مجبور کر دیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے حوالے سے بتایا گیا کہ آئی آر جی سی کے شعبۂ تعلقات عامہ کے مطابق امریکی لڑاکا طیارہ جزیرہ ہنگام کے جنوب مشرقی ساحلی پانیوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب پہنچا تھا۔
ایرانی بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ طیارہ ایسے بحری جہازوں کو فضائی تحفظ فراہم کر رہا تھا جو مبینہ طور پر سمندری آمدورفت کے ضوابط کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔ آئی آر جی سی کے مطابق ایرانی فضائی دفاعی نظام کی بروقت کارروائی کے بعد امریکی طیارے نے اچانک رخ تبدیل کیا اور علاقے سے واپس چلا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب نے سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کے ضوابط اور نگرانی کے نظام کو نظرانداز کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
بیان میں باور کرایا گیا کہ اگر خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ذمہ دار عناصر اور ان کی حمایت کرنے والی فوجی قوتوں کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایرانی فوج کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملکی فضائی حدود ان کے لیے ناقابلِ سمجھوتہ سرخ لکیر ہیں اور غیر ملکی طیاروں کی جانب سے بار بار خلاف ورزی کی کوششوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔