ایل اے 15 کے 2 پولنگ اسٹیشنز پر عملہ نہ پہنچ سکا،پیپلز پارٹی کی الیکشن کمیشن کو شکایت

ہٹالہ پدر کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 اور 144 پر صبح 8 بجے پولنگ شروع ہونا تھی، تاہم ساڑھے 9 بجے تک پولنگ عملہ وہاں نہیں پہنچا۔

August 10, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 میں دو پولنگ اسٹیشنز پر مقررہ وقت گزرنے کے باوجود پولنگ شروع نہ ہونے پر پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کو شکایت جمع کرا دی۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر کی جانب سے دی گئی درخواست کے مطابق ہٹالہ پدر کے پولنگ اسٹیشن نمبر 143 اور 144 پر صبح 8 بجے پولنگ شروع ہونا تھی، تاہم ساڑھے 9 بجے تک پولنگ عملہ وہاں نہیں پہنچا۔

پارٹی کا مؤقف ہے کہ پولنگ میں تاخیر کے باعث ان اسٹیشنز سے منسلک ووٹرز کو ووٹ ڈالنے کے لیے مقررہ وقت سے کم وقت ملے گا۔ پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ جتنی دیر سے پولنگ شروع ہوئی، اختتام پر اتنا ہی اضافی وقت دیا جائے تاکہ کسی ووٹر کا حق رائے دہی متاثر نہ ہو۔

شکایت میں حلقہ ایل اے 15 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 87 تھب کا بھی حوالہ دیا گیا، جہاں پولنگ شروع نہ ہونے سے متعلق پہلے ہی شکایت جمع کرائی جاچکی ہے۔

 

 

پیپلز پارٹی کے مطابق ایک ہی حلقے کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر عملے کی بروقت عدم دستیابی انتظامی مسئلے کی نشاندہی کرتی ہے۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل اے 15 کے دیگر پولنگ اسٹیشنز کی صورتحال کا بھی فوری جائزہ لیا جائے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ جہاں مقررہ عملہ بروقت نہیں پہنچ سکا، وہاں فوری طور پر متبادل عملہ تعینات کیا جائے تاکہ انتخابی عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر الیکشن سیل کے انچارج عبدالشکور نے یہ درخواست چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کی ہے، جبکہ اس کی نقول متعلقہ ریٹرننگ افسران اور امیدوار سردار ضیاء القمر کو بھی بھجوائی گئی ہیں۔