بجلی صارفین کا بڑا ریلیف ختم،آئندہ ماہ نرخ بڑھنے کا خدشہ
جون 2026 سے صارفین کو بجلی کی قیمت میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف دیا جا رہا تھا
اسلام آباد: ملک بھر میں بجلی صارفین کو ملنے والی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی رعایت اگست میں ختم ہونے جا رہی ہے، جس کے بعد ستمبر سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق جون 2026 سے صارفین کو بجلی کی قیمت میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا ریلیف دیا جا رہا تھا۔ اس رعایت سے صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب روپے سے زائد کا فائدہ پہنچنے کا تخمینہ ہے۔
ریلیف کی مدت مکمل ہونے کے بعد اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ لاگو ہونے کا امکان ہے، جس سے بجلی کے نرخ دوبارہ بڑھ سکتے ہیں۔
بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اس سلسلے میں نیپرا کو درخواست بھی جمع کرا دی ہے۔ درخواست میں صارفین سے 23 ارب روپے سے زائد اضافی رقم وصول کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ اضافے کا اوسط اثر تقریباً ایک روپے فی یونٹ بن سکتا ہے، تاہم بجلی کی قیمتوں میں حتمی ردوبدل کا فیصلہ نیپرا سماعت اور متعلقہ شواہد کا جائزہ لینے کے بعد کرے گا۔
صارفین پر پڑنے والے اضافی مالی بوجھ کا انحصار نیپرا کے حتمی فیصلے اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری پر ہوگا۔