اڈیالہ جیل سے موبائل فون برآمد،3 قیدی اٹک جیل منتقل،5 اہلکار معطل
ٹریفک وارڈن کے قتل کیس میں سزا یافتہ راجہ رعد، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے ایک ملازم کے قتل کیس میں قید ملک حماد اور شازیب ولد اکرم شامل ہیں۔
راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قیدیوں سے موبائل فونز برآمد ہونے کے بعد تین قیدیوں کو اٹک جیل منتقل کردیا گیا، جبکہ مبینہ غفلت پر پانچ جیل اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق تلاشی کے دوران تین قیدیوں سے موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ان میں ٹریفک وارڈن کے قتل کیس میں سزا یافتہ راجہ رعد، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے ایک ملازم کے قتل کیس میں قید ملک حماد اور شازیب ولد اکرم شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق موبائل فونز کی برآمدگی کے بعد تینوں قیدیوں کو انتظامی کارروائی کے تحت اڈیالہ جیل سے اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب قیدیوں تک ممنوعہ اشیا پہنچنے اور نگرانی میں مبینہ غفلت برتنے کے الزام میں پانچ جیل اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔
جیل انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی مزید جانچ بھی جاری ہے، جبکہ ذمہ داری کا تعین کرنے کے لیے متعلقہ اہلکاروں سے وضاحت طلب کیے جانے کا امکان ہے۔