امریکی افواج نے 59 تجارتی بحری جہازوں کا رخ موڑ دیا،3 ناکارہ بنانے کا دعویٰ

یہ اقدامات ایران کے خلاف عائد ناکہ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

August 13, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری ’اسٹیل وال‘ ناکہ بندی کے دوران امریکی افواج نے 59 تجارتی بحری جہازوں کا رخ تبدیل کرایا، جبکہ 3 دیگر جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا۔

سینٹ کام کے مطابق امریکی فورسز نے مزید 2 تجارتی بحری جہازوں پر سوار ہوکر کارروائی بھی کی۔ کمانڈ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ایران کے خلاف عائد ناکہ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مذکورہ کارروائیاں 12 اگست تک انجام دی گئی ہیں۔

سینٹ کام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے ساتھ امریکی طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش سے ایف اے-18 لڑاکا طیارے کے پرواز بھرنے کی تصویر بھی شیئر کی گئی۔ امریکی کمانڈ کے مطابق طیارہ خطے کے پانیوں میں ناکہ بندی کے نفاذ سے متعلق کارروائیوں میں معاونت کر رہا ہے۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کے خلاف عائد پابندیوں اور ناکہ بندی کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے، تاہم ان کارروائیوں سے متعلق مزید تفصیلات سینٹ کام کی جانب سے فراہم نہیں کی گئیں۔