انڈونیشیا میں 7.7 شدت کا زلزلہ،ہلاکتیں 47 تک پہنچ گئیں

زلزلہ صبح 5 بجے سے کچھ دیر قبل آیا۔ محکمہ موسمیات و جیو فزکس کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 15 کلومیٹر تھی

August 16, 2026 · بام دنیا

انڈونیشیا کے جزیرے فلوریس میں آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں کم از کم 47 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام نے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق زلزلے کے بعد سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

مقامی وقت کے مطابق زلزلہ صبح 5 بجے سے کچھ دیر قبل آیا۔ محکمہ موسمیات و جیو فزکس کے مطابق زلزلے کی گہرائی تقریباً 15 کلومیٹر تھی، جس کے باعث اس کے جھٹکے سطح زمین پر زیادہ شدت سے محسوس کیے گئے۔

زلزلے اور بعد ازاں آنے والے متعدد آفٹر شاکس کے باعث سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ بعض علاقوں میں عمارتوں کے ملبے تلے دب کر افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ماؤمیرے بندرگاہ سے سامنے آنے والی ویڈیوز میں ٹرمینل کی عمارت کا ملبہ گرتے ہوئے دکھائی دیتا ہے، جبکہ جہاز سے رابطے کے لیے استعمال ہونے والا راستہ ٹوٹنے کے باعث متعدد افراد کے سمندر میں گرنے کی اطلاعات بھی ہیں۔

زلزلے کے بعد انڈونیشیا کے مختلف علاقوں میں آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری رہا۔ شمالی سماٹرا میں بھی ایک شدید زلزلہ محسوس کیا گیا، جس کی شدت مختلف اداروں کی جانب سے مختلف بتائی گئی ہے۔

حکام نے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں مزید تیز کردی ہیں اور ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ متاثرین کو ضروری امداد فراہم کر رہی ہیں۔