اسلام آباد،راولپنڈی میں موسلادھار بارش، کئی علاقے زیرِ آب

مجموعی طور پر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی-کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 14 فٹ تک پہنچ گئی۔

August 23, 2026 · قومی

اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کے باعث متعدد نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ کئی گھروں میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں ہونے والی بارش کے بعد سڑکوں اور مختلف علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مجموعی طور پر 66 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 14 فٹ تک پہنچ گئی۔

بارش کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ واسا کے عملے سمیت پانی کی نکاسی کے لیے ہیوی مشینری مختلف متاثرہ علاقوں میں پہنچا دی گئی ہے۔

موسلا دھار بارش کے باعث جڑواں شہروں کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی۔ انتظامیہ کی جانب سے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ سڑکوں اور گھروں سے جمع پانی کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔

دوسری جانب کندیاں میں بھی شدید بارش ہوئی، جس کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں آج اور کل مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے پیش نظر شہریوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔