بلاول بھٹو کی بارش متاثرین کو فوری امداد اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔
فائل فوٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آزاد جموں و کشمیر میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں اپنے پیاروں سے محروم ہونے والے خاندانوں سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پر امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ بارش سے متاثرہ خاندانوں کے لیے ریسکیو، رہائش اور طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں مشکلات سے نکالنے میں مدد مل سکے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر ہنگامی اقدامات اور تیاریوں کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کے عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور متاثرین کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جانے چاہئیں۔