عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستانی معیشت بہتر ہونے کا اعتراف کرلیا، درجہ بندی میں بہتری

موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کر دی ہے

August 24, 2026 · کامرس
موڈیز (فائل فوٹو)

موڈیز (فائل فوٹو)

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی معاشی پوزیشن میں بہتری کا اعتراف کرتے ہوئے ملک کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ سی اے اے ون سے بڑھا کر بی تھری کر دی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی ریٹنگ کا آؤٹ لک مستحکم برقرار رکھا گیا ہے۔.

عالمی مالیاتی جریدے اور مالیاتی حلقوں کے مطابق موڈیز کی جانب سے کیا جانے والا یہ فیصلہ پاکستان کے معاشی استحکام کے سفر میں ایک اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جو ملکی معیشت اور قرضوں کی وقت پر ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اعتماد کا واضح مظہر ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بی تھری کی یہ بہتر ریٹنگ پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کے تسلسل کی جانب ایک اور سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بحال ہوگا بلکہ بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی اور فنڈز کے حصول کی راہ بھی مزید ہموار ہو سکے گی۔

حکومت کی جانب سے معاشی اصلاحات کے نفاذ اور مالیاتی ڈسپلن کو برقرار رکھنے کے مثبت نتائج اب عالمی سطح پر بھی محسوس کیے جا رہے ہیں جو مستقبل میں ملک کے لیے مزید اقتصادی بہتری کا باعث بنیں گے۔