ایران سے تعاون پر امریکی دھمکیاں،چین کا دوٹوک ردِعمل

بیجنگ خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

August 25, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

بیجنگ: چین نے ایران کے ساتھ تعاون کے معاملے پر امریکا کی جانب سے ممکنہ پابندیوں کی دھمکیوں پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون بین الاقوامی قوانین کے دائرے میں ہے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ بیجنگ خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے جائز مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین متعلقہ پیش رفت کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور تمام فریقین کو موجودہ صورتحال میں تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

چینی وزارت خارجہ اس سے قبل بھی ایران کے خلاف امریکی پابندیوں اور دباؤ کی پالیسی پر تحفظات کا اظہار کر چکی ہے۔ بیجنگ کا مؤقف ہے کہ یکطرفہ پابندیاں اور دباؤ مسائل کے حل میں معاون ثابت نہیں ہوتے۔

لن جیان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں تمام متعلقہ فریقین کو کشیدگی کم کرنے اور معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے لیے دانش مندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

چین نے واضح کیا ہے کہ وہ خطے میں ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے گا اور اپنی پالیسی کے مطابق ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔