راولپنڈی؛ ایف آئی اے کی کارروائی، ورک ویزے کے نام پر فراڈ کرنے والا ملزم گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفنکنگ سرکل راولپنڈی نے کارروائی کی، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے

August 26, 2026 · قومی

راولپنڈی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے ورک ویزے کے نام پر شہریوں سے لاکھوں روپے بٹورنے والے گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اہم کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق انسانی سمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث ملزم عمر رضا نعیم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ متاثرہ شہری نے ایف آئی اے کو شکایت درج کروائی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے باقاعدہ مقدمہ درج کر کے ملزم کو حراست میں لیا۔

ابتدائی تحقیقات کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ ملزم عمر رضا نعیم نے شکایت کنندہ کے 7 ساتھیوں کو بیرون ملک سنہری مستقبل اور ورک ویزے کا جھانسا دیا تھا۔ ملزم نے ان ساتھیوں کو ویزا فراہم کرنے کا چکمہ دے کر کل 32 لاکھ روپے کی رقم وصول کی تھی۔ تاہم رقم وصول کرنے کے بعد ملزم نے نہ تو انہیں وعدے کے مطابق ویزے فراہم کیے اور نہ ہی ان کے پیسے واپس کیے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ کے قوانین کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس فراڈ میں ملوث دیگر ممکنہ ملزمان یا ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔